اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں سال 2022ء اور 2025ء کے 2 ایڈہاک الاؤنس ضم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
اسکیل ایک سے 22 تک کے ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 بنیادی تنخواہ کا 15فیصد ملے گا۔
سرکاری ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ معذور ملازمین کے خصوصی کنوینس الاؤنس کو 10ہزار روپے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، تمام ریلیف اقدامات یکم جولائی 2026ء سے نافذ العمل ہوں گے۔
نئی بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد اضافہ کیا جائے گا جب کہ بنیادی پے اسکیل 2022ء کے مطابق ہی برقرار رکھا جائے گا، نیا پے اسکیل ریوائز نہیں ہوگا، وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللّٰہ بوسال نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں دو سال کے ایڈہاک الاؤنس ضم کیے جائیں گے، مالی سال 2022ء میں 15فیصد ایڈہاک الاؤنس دیا گیا تھا جب کہ مالی سال 2025ء میں 10فیصد ایڈہاک الاؤنس دیا گیا تھا ان دونوں ایڈہاک الاؤنس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے گا، نئی بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد اضافہ ہوگا تاہم بنیادی پے اسکیل 2022ء کے مطابق ہی برقرار رہے گا۔