وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کا کہنا ہے کہ صوبائی بجٹ کل پیش کیا جائے گا۔ توجہ کاروبار اور صنعت پر ہوگی، اجلاس سے قبل صوبائی کابینہ سے بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت کا تیسرا بجٹ ہوگا۔ پنجاب بجٹ 27-2026 وزیراعلیٰ کے عوام دوست وژن کا عکاس ہوگا۔ صوبائی وسائل میں اضافے، ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آئند ہ مالی سال میں پنجاب حکومت کا فوکس کاروبار اور صنعت پر ہوگا، عوام کو روزگار کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے، بجٹ میں تعلیم، صحت، سماجی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔ سماجی تحفظ کےمنصوبے آئندہ بجٹ میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ بجٹ کے وسائل کو براہ راست عوامی فلاح و بہبود سے منسلک کیا جائے گا۔