اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بتایا ہے کہ بجٹ پر بحث مکمل کر لی گئی ہے، بجٹ پر 7 دن بحث ہوئی جس میں 232 اراکین نے حصہ لیا۔
ایاز صادق کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق نے بتایا کہ حکومت کے 151 اور اپوزیشن کے 81 اراکین نے بجٹ بحث میں حصہ لیا، مجموعی طور پر اراکین نے 53 گھنٹے 31 منٹ بجٹ پر بحث کی، حکومتی اراکین نے 34 گھنٹے 33 منٹ اور اپوزیشن نے 18 گھنٹے 58 منٹ بحث میں حصہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ن لیگ کے 77، پیپلز پارٹی کے 49، ایم کیو ایم کے 20، تحریکِ انصاف کے 67، سنی اتحاد کونسل کے 1 رکن اور جے یو آئی کے 10 اراکین نے بجٹ بحث میں حصہ لیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن سائیڈ کو طے شدہ وقت سے 8 گھنٹے 18 منٹ زائد وقت دیا گیا۔