معروف بھارتی فلم ساز و ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی آئندہ آنیوالی والی میگا بجٹ فلم ’لو اینڈ وار‘ کے سیٹ پر ایک انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا اور کرنٹ لگنے سے ایک بڑھئی (کارپینٹر) ہلاک ہوگیا۔
اس واقعے کے بعد فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز نے فلمساز سے متاثرہ خاندان کے لیے بھاری معاوضے اور بچوں کی تعلیم کے لیے مدد کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 17 جون کی علی الصبح فلم کی شوٹنگ کے دوران چندر دھاری سنگھ یادیو نامی کارپینٹر کو اچانک بجلی کا زوردار جھٹکا لگا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔ مرنیوالے نے اپنے پیچھے بیوہ اور دو بچے سوگوار چھوڑے ہیں۔
فیڈریشن کے صدر بی این تیواڑی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی طرف سے متاثرہ خاندان کو 40 لاکھ روپے کا معاوضہ فراہم کر دیا ہے، لیکن تنظیم کا مطالبہ ہے کہ اس رقم کو بڑھا کر 50 لاکھ روپے کیا جائے اور ساتھ ہی فلمساز، آنجہانی چندر دھاری کے دونوں بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی اٹھانے کا اہتمام کریں۔