نامور انگلش کرکٹر بین اسٹوکس نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق بین اسٹوکس ناٹنگھم میں جاری نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری بین الاقوامی میچ ہوگا۔
اسٹوکس نے آج کھیل کے آغاز سے قبل ساتھی کرکٹرز کو فیصلے سے آگاہ کیا۔
اس سلسلے میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے عظیم ترین کپتانوں میں سے ایک بین اسٹوکس نے اس ٹیسٹ میچ (ناٹنگم ٹیسٹ) کے اختتام پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
پیغام میں بین اسٹوکس کو مخاطب کرکے کہا گیا کہ آپ ایک ایسے متاثر کن کپتان، لیڈر اور لیجنڈ رہے ہیں، جس کی یہ ٹیم صرف امید ہی کر سکتی تھی۔
پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ ہم آپ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور آپ کی ریٹائرمنٹ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ انگلش کرکٹ کا یہ خلا کبھی پُر نہیں ہوسکے گا۔
خیال رہے کہ بین اسٹوکس کا شمار انگلینڈ کی کرکٹ تاریخ کے سب سے اثر انگیز کھلاڑیوں اور کپتانوں میں ہوتا ہے۔
بین اسٹوکس 2019 میں کرکٹ ورلڈکپ اور 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی انگلش ٹیم کا حصہ تھےْ
انہوں نے 2019 ورلڈکپ فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ناقابل شکست 84 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر انگلینڈ کو پہلی بار ون ڈے فارمیٹ کا عالمی چیمپئن بنوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس کے علاوہ 2022ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی انہوں نے فتح گر اننگز کھیل کر ٹیم کو چیمپئن بنایا۔
یہی نہیں بلکہ ایشیز سیریز 2019ء کے دوران آسٹریلیا کے خلاف ہیڈنگلے ٹیسٹ میں 9 وکٹیں گرنے کے بعد انہوں نے آخری وکٹ پر جیک لیچ کے ساتھ زبردست 76 رنز کی شراکت قائم کی اور 135 رنز کی ناقابل یقین اننگز کھیل کر انگلینڈ کو ناممکن فتح سے ہمکنار کروایا۔
بطور ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس اور ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے مل کر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا روایتی انداز ہی بدل دیا۔ ان کی کپتانی میں انگلینڈ نے انتہائی جارحانہ کرکٹ (Bazball) اپنائی، جس کی بدولت انہوں نے پاکستان میں تاریخی کلین سویپ سمیت دنیا بھر میں مسلسل فتوحات سمیٹیں۔