بنگلادیش کے ضلع کشور گنج کی تاریخی 'پاگلا مسجد' کے چندہ بکس سے 18 کروڑ 21 لاکھ 69 ہزار 517 ٹکہ کے عطیات نکلے، جنہیں گننے میں تقریباً 15 گھنٹے لگے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ’پاگلا مسجد‘ کے 15 چندہ بکس چار ماہ اور 24 دن کے وقفے کے بعد کھول دیے گئے ہیں، جن میں سے نقدی سے بھری 51 بوریاں برآمد ہوئی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مسجد کے صدر نے رات تقریباً سوا دس بجے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی کرنسی کے علاوہ چندہ بکسوں سے غیر ملکی کرنسی اور سونے کے زیورات بھی بڑی مقدار میں نکلے ہیں۔
کشور گنج کی پاگلا مسجد اپنے منفرد طرزِ تعمیر اور لوگوں کے عقیدت مندانہ عطیات کے باعث بنگلادیش بھر میں شہرت رکھتی ہے، جہاں ہر چند ماہ بعد چندہ بکس کھولے جاتے ہیں اور کروڑوں روپے کی رقم جمع ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس 27 جون کو جب اس مسجد کے چندہ بکس کھولے گئے تھے تو ان میں سے 15 کروڑ 90 لاکھ 80 ہزار 146 ٹکہ نقد رقم سمیت بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی، سونے اور چاندی کے زیورات بھی برآمد ہوئے تھے۔