لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر پڑھنے والے بچوں پر چھت گرنے کے باعث 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر ملکی سیاسی قیادت نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے حادثے میں جاں بحق بچوں کے لواحقین کیلئے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کی دعا کی۔
اپنے بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع پوری قوم کیلئے انتہائی افسوسناک ہے۔ ایسے سانحات کے تدارک کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔
اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کاہنہ ٹیوشن سینٹر سانحہ پر دل انتہائی دکھی اور افسردہ ہے۔ جاں بحق معصوم بچوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے والدین اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحے میں زخمی بچوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور ماں والدین کی تکلیف کا اندازہ کرسکتی ہوں، تکلیف کا اظہار کرنے کےلیے الفاظ نہیں مل رہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں فوری شروع کردی گئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ہمیں اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ معصوم بچوں کی شہادت پر دلی رنجیدہ ہوں۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کے والدین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے زخمی بچوں کی جلدصحت یابی کیلئے دعا کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت زخمیوں کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات فراہم کرے۔