بالی ووڈ اداکارہ ریچا چڈھا نے ساتھی اداکارہ دیا مرزا پر انکے بیٹے کے رویے سے متعلق ہونے والی تنقید پر انکا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری شادی پر دیا مرزا نے مجھے بطورتحفہ گیارہ سو پودے دیئے جو ان کی ماحول دوست سوچ اور عملی اقدامات کا ثبوت ہے۔
سینئر اداکارہ دیا مرزا نے دراصل ایک واقعہ شیئر کیا تھا جس میں ان کے کم عمر بیٹے نے ناریل کا پانی لانے والے ڈلیوری ایجنٹ سے پلاسٹک کی پیکنگ پر سوال کیا۔ جس پر سوشل میڈیا میں دیا مرزا پر سخت تنقید کی گئی۔
اس تنقید کے جواب میں اداکارہ رچا چڈھا نے دیا مرزا کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ سنجیدہ رہی ہیں۔
اداکارہ دیا مرزا کے 5 سالہ بیٹے اویان نے ڈلیوری ایجنٹ کو ناریل کا پانی پلاسٹک کی تھیلیوں میں لانے پر ڈانٹا تھا۔ کلپ کے سوہا علی خان کے پوڈکاسٹ سے وائرل ہونے کے بعد کئی سوشل میڈیا صارفین نے دیا مرزا اور ان کے بیٹے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے رویے کو تکبر اور مراعات یافتہ افراد کا رویہ قرار دیا۔
ریچا نے ایک صارف کی جانب سے شیئر کی گئی ایک پوسٹ کو دوبارہ ایکس پر شیئر کیا جس میں کہا گیا تھا کہ دیا ماحولیات کے تحفظ اور ماحولیاتی شعور کی بات تو کرتی ہیں، لیکن خود جیگوار گاڑی چلاتی ہیں۔ اس پر ریچا نے ایک طویل نوٹ لکھا، اور کہا تم لوگ پھر حیران ہوتے ہو کہ اداکار اپنی رائے کا اظہار کیوں نہیں کرتے؟ اگر بولیں تو بھی قصور وار، نہ بولیں تو بھی قصور وار!۔
انہوں نے کہا کہ معمول کے مطابق بے سروپا تنقید کرنے والے، عقل سے عاری لوگوں کی باتیں تو اپنی جگہ، یہ سب بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ صرف اداکاروں پر ہی تنقید اور ان کی ذہنی صحت کی آخر کیا اہمیت ہے؟ بااختیار خواتین اگر نصاب سے ہٹ کر کسی بھی موضوع پر بات کریں تو انہیں شرمندہ کیا جاتا ہے۔
ریچا کا کہنا تھا کہ دیا نے مجھے شاد ی پر 1100 درخت تحفے میں دیے تھے، اور جب میری بیٹی پیدا ہوئی تو انہوں نے مجھے بھی صحافیوں کو درخت تحفے میں دینے کی ترغیب دی۔ دوسری بات ان کے پاس جیگوار نہیں ہے۔ میں نے اب تک صرف دو الیکٹرک گاڑیاں دیکھی ہیں۔ اور اگر ماضی میں ان سے کوئی غلطی ہوئی بھی ہو، تو براہِ کرم انہیں معاف کر دیں۔
اس سے قبل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے دیا مرزا نے کہا تھا کہ ناریل والا جب آیا تو مجھے سب سے زیادہ غصہ اس بات پر آتا ہے کہ ناریل کا پانی پلاسٹک کی تھیلی اور پلاسٹک کے اسٹرا کے ساتھ تھا۔ وہ بیچارا تو نہیں جانتا تھا کہ وہ کس کے گھر ڈلیوری دینے آیا ہے۔ اسی دوران اویان نے دروازہ کھولا، کمر پر ہاتھ رکھ کر کہا بھائی آپ یہ پلاسٹک میں کیوں لائے ہیں؟ ہمارے گھر میں پلاسٹک کی اجازت نہیں ہے۔ اسے پلاسٹک سے نکال کر نیچے رکھ دیں اور یہ پلاسٹک اور اسٹرا اپنے ساتھ واپس لے جائیں۔