• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پولیس نے پھر سانحہ گل پلازا کا نامکمل اور کمزور چالان پیش کردیا

فوٹو: آئی این پی
فوٹو: آئی این پی 

کراچی پولیس نے پھر سانحہ گل پلازا کا نامکمل اور کمزور چالان پیش کردیا،  خود پراسیکیوشن نے چالان مسترد کردیا، چالان پچھلی بار بھی پراسیکیوشن نے ہی مسترد کیا تھا۔

کراچی کے سانحہ گل پلازا کیس میں پراسیکیوشن نے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے پولیس چالان دوبارہ واپس کر دیا، پولیس نے چالان میں گل پلازا کے بلڈنگ ڈیزائن میں تبدیلی، تعمیراتی بے ضابطگیوں اور متعلقہ انتظامی اداروں کی غفلت کا ذکر ہی غائب کردیا۔

سانحہ گل پلازا کیس میں پراسیکیوشن نے پولیس کی جانب سے جمع کروایا گیا چالان ایک بار پھر اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے واپس کر دیا۔

 پراسیکیوشن ذرائع کے مطابق پولیس چالان پر اٹھائے گئے اعتراضات مکمل طور پر دور نہیں کیے گئے، جس کے باعث چالان منظور نہیں کیا جا سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے سانحہ گل پلازا سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ چالان کے ساتھ منسلک نہیں کی، جبکہ گل پلازا کے ڈیزائن میں تبدیلی، تعمیراتی بے ضابطگیوں اور متعلقہ اداروں کی انتظامی غفلت سے متعلق اہم تفصیلات بھی چالان میں شامل نہیں کی گئیں۔

پراسیکیوشن کی جانب سے پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اعتراضات دور کرکے، ضروری دستاویزات اور متعلقہ تفصیلات شامل کرنے کے بعد چالان دوبارہ جمع کروایا جائے۔

خیال رہے کہ کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں 17 جنوری کی رات لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہو گئی تھی، 33 گھنٹوں بعد بھی اس پر قابو نہیں پایا جاسکا تھا۔

افسوسناک واقعے میں 86 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 1200 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔

قومی خبریں سے مزید