ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے اہل خانہ کا جلوسِ جنازہ تہران میں رواں دواں ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امام خمینی گرینڈ مصلیٰ سے شروع ہونے والے اس جلوس میں لاکھوں سوگوار شریک ہوئے، جہاں شہید سپریم لیڈر کی میت گزشتہ 2 روز سے عوامی دیدار کے لیے رکھی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منتظمین نے توقع ظاہر کی ہے کہ تہران میں شروع ہونے والا آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا جلوسِ جنازہ تقریباً 10 سے 12 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جلوس تقریباً 10 کلو میٹر طویل راستے سے گزرے گا۔
جلوس دماوند اسٹریٹ، امام حسین اسکوائر، انقلاب اسٹریٹ، انقلاب اسکوائر، آزادی اسٹریٹ، آزادی اسکوائر اور شہید لشگری ہائی وے سے گزرتا ہوا مہر آباد ایئر پورٹ کے قریب اختتام پذیر ہو گا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈر جنرل حسن حسن زادہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پُرامن انداز میں آزادی اسکوائر پہنچیں، جہاں سے جلوس گزرے گا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تہران کے بعد آیت اللّٰہ خامنہ ای کی میت قم منتقل کی جائے گی، جس کے بعد نجف اور کربلا لے جائے جانے کے بعد آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔