امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے ہونے والی تجارت کا حجم گزشتہ چھ ماہ کی بلند ترین سطح پر آگیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹکام نے کہا کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے خام تیل، کارگو اور مائع قدرتی گیس کے حجم میں اضافہ ہوا ہے۔
کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ امریکی فوج نے دو ماہ کے دوران آبنائے ہرمز سے ایک ارب بیرل سے زائد تیل کی نقل و حمل میں معاونت فراہم کی ہے۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں 2 ہزار سے زائد تجارتی جہازوں کو تحفظ فراہم کیا ہے۔
ایڈمرل کوپر نے آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک آبی گزرگاہ قرار دیا اور کہا کہ امریکا خطے میں شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ جس کے تحت پارٹنر ملکوں کے فضائی دفاع کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور ڈرونز پر مشتمل ایک نیا مشترکہ یونٹ تشکیل دیا جا رہا ہے۔