• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطری اور پاکستانی ثالثوں سے مشاورت جاری ہے، اپنی شرائط ان تک پہنچا دی ہیں، محسن رضائی

سیکریٹری ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل، محسن رضائی۔ فوٹو: سی این این
سیکریٹری ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل، محسن رضائی۔ فوٹو: سی این این

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ قطری اور پاکستانی ثالثوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ ایران نے امریکا سے مذاکرات کے لیے اپنی شرائط ثالثوں تک پہنچا دی ہیں۔ 

عرب میڈیا کو انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ نیتن یاہو کی بھڑکائی ہوئی اس جنگ سے نکلنے کے لیے ایران کی شرائط تسلیم کرنا واشنگٹن کے مفاد میں ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ ایران فیصلہ کن جنگ کے لیے تیار ہے، ٹرمپ کی دھمکیوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ 

محسن رضائی نے کہا کہ ایران کو اسی وقت امریکا کے بارے میں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کا احساس ہوگیا تھا جب امریکا بغیر کسی وجہ کے اسلام آباد میں طے شدہ مفاہمتی یادداشت کے معاہدے سے دستبردار ہوا تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ ایران کے بارے میں امریکی صدر کے اندازے اور حساب کتاب غلط ثابت ہوئے۔ ایران آج امریکی فوج کی کمزوریوں سے واقف ہے اور امریکی فضائی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ تیار ہے۔ 

محسن رضائی نے بتایا کہ ایران نے حال ہی میں ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے قریب بحری جہاز شکن میزائل کا تجربہ بھی کیا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے دفاع کے لیے سنجیدہ ہے، اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو وہ خطے میں موجود امریکی اڈوں اور واشنگٹن کے مفادات کو پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ نشانہ بنائے گا۔

ایران چاہتا ہے سعودی عرب و یمنی حوثیوں میں جنگ ختم ہو

علاوہ ازیں ایک بیان میں محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران چاہتا ہے سعودی عرب اور یمنی حوثیوں میں جنگ ختم ہو، ایسا لگتا ہے  حوثی بھی سعودی عرب کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید