• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی حملے میں تباہ شہید علی خامنہ ای کی رہائش گاہ کی پہلی بار ویڈیو جاری

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

ایرانی سرکاری میڈیا نے شہید سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی تہران میں واقع رہائش گاہ اور کمپاؤنڈ کی تباہی کی پہلی ویڈیو جاری کر دی، یہ ویڈیو ان کی تدفین کے موقع پر منظرِ عام پر لائی گئی۔

یاد رہے کہ رواں سال 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں 86 سالہ علی خامنہ ای شہید ہوئے تھے۔


بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حملے میں سپریم لیڈر کے خاندان کے متعدد افراد بھی جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ ان کے صاحبزادے اور موجودہ سپریم لیڈر مجتبیٰ علی خامنہ ای بھی زخمی ہوئے تھے۔

ایران کی جانب سے جاری کی گئی 35 سیکنڈز کی ویڈیو میں کمپاؤنڈ کے اندر واقع امام خمینی حسینیہ نامی ہال کو تباہ حال دکھایا گیا ہے، مناظر میں ملبہ، منہدم ڈھانچے، ٹیڑھے دھاتی شہتیر اور تباہ شدہ حصے واضح نظر آ رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ ہال اہم ملاقاتوں اور عوامی خطابات کے لیے استعمال ہوتا تھا۔



واضح رہے کہ علی خامنہ ای کی تدفین آج ان کے ایران میں واقع آبائی شہر مشہد میں کی جا رہی ہے جس کے ساتھ 1 ہفتے پر محیط آخری رسومات کا سلسلہ اختتام پذیر ہو رہا ہے۔

اس دوران تہران، قم، نجف اور کربلا میں بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

دوسری جانب خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔

امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کے تحفظ کے نام پر ایران میں نئے حملوں کا اعلان کیا ہے جبکہ ایران نے جواباً بحرین اور کویت میں امریکی فوجی مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

تازہ پیش رفت کے بعد جنگ بندی اور مستقل امن معاہدے کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے اور خطے میں دوبارہ بڑے تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید