• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی وسط مدتی انتخابات میں 45 کروڑ ڈالرز خرچ کرنا بے وقوفی تھی: ایلون مسک کا اعتراف

ایلون مسک---فائل فوٹو
ایلون مسک---فائل فوٹو

امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے اعتراف کیا ہے کہ 2026ء کے امریکی وسط مدتی انتخابات پر ریکارڈ تقریباً 45 کروڑ ڈالرز خرچ کرنے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر اپنی اس سرمایہ کاری پر افسوس ہے۔

ایلون مسک نے نیویارک ٹائمز کے ڈیل بُک سمٹ سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ بھاری مالی معاونت سے انتخابی کامیابی نہیں خریدی جا سکتی۔

ایلون مسک 2026ء کے انتخابی مرحلے میں سب سے زیادہ انفرادی عطیہ دینے والے شخص تھے، انہوں نے ریپبلکن پارٹی کی سینیٹ میں اکثریت برقرار رکھنے کے لیے مختلف سیاسی سپر پیکس کو کروڑوں ڈالرز فراہم کیے، جبکہ ان کی توجہ کا بڑا مرکز ریاست ٹیکساس تھی جہاں ان کی کمپنیوں کے مرکزی دفاتر قائم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹیکساس میں سینیٹ کی نشست کے لیے ریپبلکن امیدوار کین پیکسٹن پر بھی ایلون مسک نے کروڑوں ڈالرز خرچ کیے، تاہم وہ ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹالاریکو سے شکست کھا گئے۔

مجموعی طور پر ڈیموکریٹس کانگریس کے دونوں ایوانوں میں کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ایلون مسک نے ڈیل بُک سمٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجھے وقت میں پیچھے جانے کا موقع ملے تو کم پیسہ خرچ کرتا، اسپیس ایکس اور ٹیسلا کی تعمیر میں اس قدر مصروف تھا کہ انتخابی مہمات پر ذاتی توجہ نہیں دے سکا۔

ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکستوں کے بعد ایلون مسک نے جماعتی سیاست سے فاصلہ اختیار کرنے کی کوشش بھی کی۔

 ان کا کہنا ہے کہ میں میگا تحریک کا حصہ نہیں ہوں اور ریپبلکن پارٹی کی پالیسیوں کی آنکھیں بند کر کے حمایت نہیں کرتا بلکہ اقتدار میں توازن کا حامی ہوں۔

دوسری جانب ڈیموکریٹس کے آئندہ سال کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد قانون سازوں نے ایلون مسک کے کاروباری مفادات اور وفاقی معاہدوں سے متعلق نگرانی کی تحقیقات شروع کرنے کے منصوبوں کا عندیہ دیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید