• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روزانہ 5 کپ کافی جگر کی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ کافی پینے سے جگر کی سنگین بیماریوں، جگر کے سرطان اور جگر سے متعلق اموات کے خطرات میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

محققین کے مطابق تحقیق کے نتائج میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ روزانہ 5 یا اس سے زیادہ بلیک کافی کے کپ پینے والے افراد کو سب سے زیادہ فائدہ حاصل ہوا ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے ’کلینیکل گیسٹرو اینٹرولوجی اینڈ ہیپاٹولوجی‘ میں شائع ہوئی ہے۔

تحقیق کے دوران برطانیہ کے بائیو بینک پروگرام کے زیرِ انتظام تقریباً 3 لاکھ 55 ہزار بالغ افراد کا 10 سال سے زائد عرصے تک جائزہ لیا گیا۔

اس دوران محققین نے رضاکاروں کی کافی پینے کی عادات، جگر کی تصاویر، خون کے اشاریوں اور طبی ریکارڈز کا بھی تجزیہ کیا۔

تحقیق کے مطابق جو افراد روزانہ 5 یا اس سے زیادہ کپ کافی پیتے تھے ان میں جگر کے سکڑنے کی بیماری کا خطرہ 32 فیصد، جگر کے سرطان کا خطرہ 47 فیصد اور جگر سے متعلق اموات کا خطرہ 42 فیصد کم پایا گیا۔

روزانہ 1 سے 2 کپ کافی پینے والوں میں بھی کچھ حفاظتی فوائد دیکھے گئے تاہم زیادہ فائدہ زیادہ مقدار میں کافی پینے والوں کو حاصل ہوا۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور جگر کے امراض کے ماہر ڈاکٹر ہیون سوک کم کے مطابق اس تحقیق میں طبی نتائج کو جگر کی تصاویر اور حیاتیاتی اشاریوں کے ساتھ جوڑ کر دیکھا گیا جس سے کافی اور بہتر جگر کی صحت کے درمیان تعلق مزید مضبوط ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی میں موجود قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس اجزاء اور نباتاتی مرکبات جسم میں سوزش کم کرنے، خلیات کو نقصان سے بچانے اور جگر میں چکنائی جمع ہونے کے عمل کو محدود کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ 

تحقیق میں عام اور بغیر کیفین والی کافی دونوں میں تقریباً یکساں فوائد دیکھے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فائدہ صرف کیفین کی وجہ سے حاصل نہیں ہوتا۔

تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ کافی میں چینی یا مصنوعی مٹھاس شامل کرنے سے جگر کی صحت سے متعلق بعض مثبت اثرات کم ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کم یا بغیر چینی والی کافی جگر کے لیے بہتر انتخاب ہو سکتی ہے تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک مشاہداتی تحقیق ہے، اس لیے یہ ثابت نہیں کیا جا سکتا کہ کافی براہِ راست جگر کی بیماریوں یا سرطان سے بچاتی ہے، دیگر طرزِ زندگی کے عوامل بھی نتائج پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق ایسے افراد جو کافی کا استعمال پسند نہیں کرتے انہیں صرف جگر کے تحفظ کے لیے روزانہ 5 کپ کافی پینا شروع کرنے کی تجویز نہیں دی جا سکتی کیونکہ زیادہ کیفین بعض افراد میں بے چینی، نیند کی خرابی، دل کی دھڑکن تیز ہونے اور معدے کی شکایات کا سبب بن سکتی ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید