بالی ووڈ اداکارہ شہناز گل نے بالآخر راگھو جویال کے ساتھ تعلق کے بارے میں سوال کو گول مول کرگئیں۔ چند روز قبل ایک سالگرہ کی تقریب میں دونوں کی ایک ساتھ آمد نے لوگوں کی توجہ حاصل کی تھی۔
یہ قیاس آرائیاں اس وقت شروع ہوئیں جب ایک وائرل ویڈیو میں راگھو کو شہناز کو ہجوم سے بچاتے ہوئے دیکھا گیا جب وہ تقریب سے باہر نکل رہی تھیں، جبکہ مداحوں نے شہناز کو ان کے کندھے کا سہارا لیتے ہوئے بھی دیکھا۔
ایک انٹرویو میں چندی گڑھ (پنجاب) سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی پر بات نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنی توجہ راگھو کی آنے والی نئی فلم پر مرکوز کر دی۔
انہوں نے کہا کہ براہِ کرم ذاتی سوالات نہ کریں۔ میرے دوست کی فلم آ رہی ہے، ’بھائی تیرا اسٹار ہے‘، پلیز اس کو سپورٹ کرو۔ وہ میرا بہت اچھا دوست ہے، اس کی فلم چلنی بہت ضروری ہے۔
شہناز گل نے اپنی دوستی سے ہٹ کر انڈسٹری میں راگھو جویال کے سفر کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور ہیرو اور مرکزی کردار وہ پہلی بار آ رہے ہیں، تو لوگوں کا ان کو سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ وہ انڈسٹری کے بندے نہیں ہیں، انہوں نے خود اپنے آپ کو منوایا ہے۔