• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر پاک جاپان بزنس کونسل کی سفیر پاکستان سے ملاقات، ملک کے مفاد میں مل کر کام کرنے کا عزم

رانا عابد حسین (دائیں)، سفیر پاکستان عبدالحمید (بائیں) - فوٹو: رپورٹر
رانا عابد حسین (دائیں)، سفیر پاکستان عبدالحمید (بائیں) - فوٹو: رپورٹر

ٹوکیو: جاپان میں پاکستانی کمیونٹی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی روابط کے فروغ کے حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے سفیر پاکستان عبدالحمید سے سفارت خانہ پاکستان میں ایک اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے مثبت تشخص کو اُجاگر کرنے، جاپان میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، باہمی تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مشترکہ کاوشوں کے ذریعے کمیونٹی اور ملک کی خدمت کے لیے مل کر کام کریں گے۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے مثبت کردار اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

سفیر پاکستان عبدالحمید نے کہا کہ سفارت خانہ جاپان میں مقیم تمام پاکستانیوں کا مشترکہ ادارہ ہے اور اس کا مقصد کمیونٹی کی خدمت، پاکستان کی نیک نامی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

رانا عابد حسین نے یقین دلایا کہ پاک جاپان بزنس کونسل مستقبل میں بھی سفارت خانے کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے پاکستان کے مثبت تشخص، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس ملاقات میں سفارت خانہ پاکستان کے کونسلر حسنین حیدر بھی موجود تھے۔

قومی خبریں سے مزید