پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے ایک پاکستانی کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیوں، ذہنی اذیت اور کردار کشی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں جلد اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ شواہد بھی سامنے لاؤں گی۔
ہما سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں بغیر کسی کرکٹر کا نام لیے لکھا ہے کہ میں ایک انتہائی پریشان کن صورتِ حال سے گزر رہی ہوں اور جس شخص کی بات کر رہی ہیں وہ دھوکے باز، فراڈی اور خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ رکھنے والا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2 ماہ سے اس کرکٹر سے کوئی رابطہ نہیں تھا، لیکن جب بھی میں اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہوں، وہ دوبارہ آ کر ذہنی طور پر پریشان کرتا ہے۔
ہما سلیم کے مطابق معاملہ اس وقت سنگین ہو گیا جب مجھے دھمکیاں دی گئیں اور ہراساں کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی خاتون بلاوجہ اپنی سماجی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچاتی، بلکہ ایسا تب ہوتا ہے جب برداشت کی حد ختم ہو جائے۔
اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ کرکٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے وسائل کا غلط استعمال کیا، میں جلد یہ بھی بے نقاب کروں گی کہ پی سی بی کے پیسوں سے ہوٹلوں میں کیا کچھ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہراسانی صرف مجھ تک محدود نہیں رہی بلکہ میرے اہلِ خانہ اور پیشہ ورانہ ساتھیوں کو بھی پیغامات بھیجے گئے تاکہ مجھے ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر نقصان پہنچایا جا سکے۔
ہما سلیم کا کہنا ہے کہ میں ایک جذباتی طور پر اذیت دینے والے تعلق میں رہ چکی ہوں، لیکن اب میری برداشت ختم ہو چکی ہے، اسی لیے میں نے خاموشی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر کہا کہ ہر کہانی کے دو رخ ہوتے ہیں اور میں اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ تمام الزامات کے ثبوت مناسب وقت پر عوام کے سامنے پیش کروں گی۔