ماہرین برائے اسپورٹس میڈیسن و بحالیِ صحت نے بتایا ہے کہ روزانہ صرف 10 منٹ تک زمین پر لیٹ کر ٹانگیں دیوار کے ساتھ اوپر رکھنا پاؤں کی سوجن کم کرنے، تھکن دور کرنے اور ذہنی سکون حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق یہ ایک باقاعدہ مشق ہے جسے یوگا کی زبان میں ’ویپریتا کرانی‘ (Viparita Karani) بھی کہا جاتا ہے، یہ مشق جسم میں خون اور رطوبتوں کی بہتر گردش میں مدد دیتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل وقت بیٹھنے، کھڑے رہنے یا سفر کرنے والے افراد کے لیے یہ طریقہ خاص طور پر بے حد مفید ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق زیادہ دیر بیٹھنے یا کھڑے رہنے، گرم موسم، زیادہ نمک کا استعمال، حمل، طویل سفر اور کمزور دورانِ خون پاؤں میں سوجن کی عام وجوہات ہیں۔
طریقۂ کار
دیوار کے قریب لیٹ جائیں، کمر، کندھے اور سر زمین پر رکھیں اور ٹانگیں دیوار کے ساتھ سیدھی اوپر کر لیں۔
بازوؤں کو ڈھیلا چھوڑ دیں اور گہری سانسیں لیتے ہوئے 5 سے 10 منٹ تک اسی حالت میں رہیں۔
اس مشق کے نیتجے میں پاؤں اور ٹخنوں کی سوجن میں کمی، بھاری اور تھکے ہوئے پیروں کو آرام، خون کی گردش میں بہتری، ذہنی تناؤ و بے چینی میں کمی، بہتر نیند، جسمانی سکون اور طویل سفر کے بعد تھکاوٹ کے جَلد خاتمے میں مدد ملتی ہے۔
دفتر میں طویل وقت بیٹھنے والے افراد، اساتذہ، طبی عملہ، زیادہ سفر کرنے والے افراد، ورزش کرنے والے اور عمر رسیدہ افراد اس مشق سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
شدید یا بے قابو بلند فشارِ خون، آنکھوں کے بعض امراض، گردن یا کولہے کی سرجری، سنگین قلبی یا دورانِ خون کی بیماریوں میں مبتلا افراد یہ مشق کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
اگر پاؤں میں سوجن اچانک آئے، صرف ایک ٹانگ میں سوجن ہو، درد، سرخی یا گرمی کے ساتھ سوجن بڑھے یا سانس لینے میں دشواری اور سینے میں درد محسوس ہو تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ روزمرہ آرام اور صحت کے لیے مفید ہے تاہم مستقل سوجن یا کسی بیماری کی صورت میں طبی علاج کا متبادل نہیں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔