(بچّوں کے لیے معلوماتِ عامّہ)
مصنّفہ: پروفیسر عفت گُل اعزاز
صفحات: 128، قیمت: 620روپے
ناشر: نیشنل بُک فاؤنڈیشن، اسلام آباد۔
زیرِ نظر کتاب تاریخ اور معلوماتِ عامّہ پر مبنی ہے، جو بچّوں کے لیے تحریر کی گئی ہے۔ کتاب کا حصّہ اوّل’’ تخلیقِ پاکستان کے مراحل‘‘، حصّہ دوم’’ بانیانِ پاکستان‘‘ اور’’ علّامہ محمّد اقبال: نظریۂ پاکستان کے خالق‘‘اور حصّہ سوم ’’پاکستان ہمارا پیارا مُلک‘‘ کے عنوان سے ہے۔ یہ تمام مضامین بچّوں کی نفسیات سامنے رکھتے ہوئے تحریر کیے گئے ہیں۔ اِس کتاب کے بنیادی کردار قائدِ اعظم محمّد علی جناح اور شاعرِ مشرق علّامہ اقبال ہیں۔
دونوں سے متعلق انتہائی جامع اور معلوماتی مضامین اِس کتاب کا حصّہ ہیں۔ پاک فوج کا اعلیٰ ترین اعزاز ’’نشانِ حیدر‘‘ پانے والے قومی ہیروز کا تذکرہ بھی بڑے دل نشین انداز میں کیا گیا ہے۔ پاکستان کے سائنس دانوں سے متعلق بھی مفید معلومات ہیں۔
بظاہر یہ ایک چھوٹی سی کتاب ہے، لیکن اس میں شامل مضامین نے اِسے ایک تاریخی دستاویز بنا دیا ہے۔ کتاب میں پروفیسر عفت گُل اعزاز کی محنت نظر آرہی ہے۔ ایسی کتابیں تواتر سے آنی چاہئیں، تاکہ ہماری نئی نسل تاریخِ پاکستان اور بانیانِ پاکستان سے آگاہ ہوسکے۔