امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا میں موجودگی کے دوران اسرائیلی وزیراعظم کو کسی صورت میں گرفتار ہونے نہیں دیں گے۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو ایران سے جنگ لڑ رہا ہے جہاں پر 52 ہزار مظاہرین کو قتل کیا گیا، اصل گرفتاری ایران کے رہنماؤں کی ہونے چاہیے جو خونریزی اور بربادی کے ذمہ دار ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان نیو یارک کے میئر ظہران ممدانی کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔
میئر نیو یارک ظہران ممدانی نے کہا تھا کہ نیتن یاہو کی نیو یارک آمد پر گرفتاری کے قانونی امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ظہران ممدانی نے کہا تھا کہ جنگی مجرم قرار دیے جانے کے بعد نیتن یاہو کی جگہ دی ہیگ ہے، اسرائیلی وزیراعظم کو عالمی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم کے الزامات میں نامزد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیو یارک آنے والے ہیں، واضح نہیں کہ مجھے نیتن یاہو جیسے غیر ملکی رہنما کی گرفتاری کے لیے نیو یارک پولیس کو احکامات دینے کا اختیار ہے یا نہیں۔