برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے نظام میں فنی خرابی کے باعث فضائی سفر شدید متاثر ہوا، تاہم تکنیکی خرابی کو حل کرلیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو ہونے والی فنی خرابی کے باعث ملکی و غیر ملکی 4 ہزار پروازیں متاثر جبکہ 1 ہزار 3 سو سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ مسافر گھنٹوں طیاروں، رن ویز اور ایئر پورٹس کے ٹرمینلز میں پھنسے رہے۔
پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق اس تکنیکی مسئلے کے باعث ملک بھر میں فضائی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (NATS) نے بتایا کہ شام کے وقت ان کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں پیدا ہونے والا مسئلہ حل کر لیا گیا، تاہم اس کے اثرات برقرار ہیں اور برطانیہ کے 15 ہوائی اڈوں سمیت دیگر مقامات پر بھی پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایئر لائنز اور ہوائی اڈے تاخیر کا شکار پروازوں کے بڑے بیک لاگ کو ختم کرنے میں مصروف رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیتھرو ائرپورٹ پر آج بھی تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ لندن کے ہیتھرو، اسٹینسٹیڈ اور سٹی ایئرپورٹس کے علاوہ مانچسٹر، برمنگھم، گیٹ وک اور اسکاٹ لینڈ کے ہوائی اڈوں نے بھی تکنیکی خرابی کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہونے کی شکایت کی تھی۔