پاکستانی معروف میزبان اور اداکارہ مایا خان نے طلاق یافتہ خواتین کے نام خصوصی پیغام شیئر کر دیا۔
انسٹاگرام پر 13 لاکھ فالوورز رکھنے والی میزبان و اداکارہ نے اپنے کیریئر کے آغاز میں پی ٹی وی کے کلاسک ڈرامے ایک محبت سو افسانے سے شہرت حاصل کی۔
حالیہ برسوں میں ڈرامہ سیریل مئی ری اور کبھی میں کبھی تم میں ان کی اداکاری کو ناظرین نے خوب سراہا۔
مایا خان اس وقت غیر شادی شدہ ہیں، تاہم وہ ماضی میں ایک ناکام شادی اور تلخ طلاق کے تجربے سے گزر چکی ہیں۔
حال ہی میں مایا خان نے طلاق یافتہ خواتین کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ان خواتین کو مخاطب کیا ہے جو ماضی کی غلطیوں پر خود کو مسلسل موردِ الزام ٹھہراتی ہیں اور زندگی میں آگے بڑھنے سے ہچکچاتی ہیں۔
اپنے پیغام میں مایا خان نے کہا ہے کہ خود کو سزا دینا بند کر دیں، اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا آسان نہیں ہوتا، کیونکہ ہم سب بطور انسان یہ سمجھتے ہیں کہ ہم پڑھے لکھے، سمجھدار اور ذہین ہیں، اکثر ہمارے ذہن میں یہ سوال آتا ہے کہ آخر ہم اتنا غلط فیصلہ کیسے کر سکتے تھے؟ دنیا بھی ہمیں سمجھدار سمجھتی تھی، پھر ہم سے ایسی غلطی کیسے ہو گئی؟ ایک غلط انسان ہماری زندگی میں آ کر ہمیں کمزور، معمولی اور غیر اہم کیسے محسوس کرا سکتا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ جو لڑکی باہر سے مضبوط دکھائی دیتی تھی وہ اپنے مشکل دنوں میں اندر سے بہت ٹوٹ چکی تھی، لیکن اب بس، یہ یاد رکھیں کہ ایک غلط فیصلہ ہمیں تجربہ دے جاتا ہے، قیمتی سبق سکھاتا ہے اور پہلے سے زیادہ سمجھدار بنا دیتا ہے۔
مایا خان نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات یہ تجربہ ایک نعمت ثابت ہوتا ہے، کیونکہ طویل مدت میں یہی تجربہ ہمارے کام آتا ہے، اس لیے خود کو کوسنا اور خود کو سزا دینا چھوڑ دیں۔،ماضی کے تجربات سے سبق سیکھیں اور انہی کی بنیاد پر اپنی زندگی کے اگلے باب کو بہتر انداز میں تعمیر کریں۔