• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سربراہ ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن سے ایف بی آئی کی 300 ملین ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء سے منسلک 300 ملین ڈالرز سے زائد کی اسپانسر شپ کی رقم کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر کلاڈیو تاپیا سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹینا کی ٹیم ورلڈ کپ کے بعد امریکا سے بیونس آئرس روانگی کے لیے چارٹر طیارے میں سوار ہونے والی تھی کہ اسی دوران امریکی حکام نے تاپیا کو روک کر ان سے تقریباً 30 منٹ تک پوچھ گچھ کی اور ان کا موبائل فون بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔

بعض رپورٹس میں تاپیا کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تاپیا اور نہ ہی فنانسر پابلو توویگینو کو کسی امریکی عدالت نے طلب کیا ہے۔

ایسوسی ایشن نے البتہ تصدیق کی ہے کہ ایک تیسرے شخص کو امریکی گرینڈ جیوری کے سامنے پیش ہونے کا سمن جاری کیا گیا ہے جہاں تنظیم کے بعض عہدیداروں سے متعلق معلومات طلب کی جا سکتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی حکام ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کے 300 ملین ڈالرز سے زائد مالیت کے تجارتی معاہدوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

تحقیقات میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ یہ رقوم کہیں امریکی بینکوں کے ذریعے منتقل کر کے منی لانڈرنگ یا مالی فراڈ کی کوشش تو نہیں کی گئی۔

بینکاری ریکارڈز کے مطابق لاکھوں ڈالرز مختلف امریکی مالیاتی اداروں کے کھاتوں سے گزرے جہاں بعض رقوم صرف چند دن تک رکھنے کے بعد دیگر اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئیں۔

یہ تحقیقات گزشتہ برس ارجنٹائن میں منی لانڈرنگ کے شبے میں ہونے والی چھاپہ مار کارروائیوں کے بعد فٹبال کے مالی معاملات کی وسیع جانچ کا حصہ ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید