وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کبھی نہیں ہوگی، کچھ لوگ شوشے چھوڑ دیتے ہیں، ہم انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم اپنا کام کر رہے ہیں، کراچی میں کام کراتی ہے تو صرف پیپلزپارٹی کراتی ہے، ایم کیو ایم ہمیشہ وفاق کا حصہ رہی ہے۔
وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ ہم ہی کراچی کو بنائیں گے، ہمارے دوست نئے صوبے کا شوشہ چھوڑتے رہتے ہیں، سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوسکتا، کہا جاتا ہے کراچی برباد ہوگیا، کراچی میں بے شمار انڈر پاسز اور پُل ہم نے بنائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکموں میں بہتری آئی ہے اور مزید بہتری کی ضرورت ہے، کراچی کے میدانوں میں شادی ہالز بنائے گئے جسے ہمارے میئر نے تڑوایا، کہا جاتا ہے کراچی بدترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، ایسا ہوتا تو لوگ یہاں رہنے نہیں آتے۔
اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں نالوں کی صفائی کا کام چل رہا ہے، ہمیں جہاں جہاں سے شکایات موصول ہوتی ہیں ان پر کام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے پیشِ نظر ایمرجنسی نافذ ہے، کے ایم سی اور ٹاؤن انتظامیہ گراؤنڈ میں موجود رہے گی، تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔