مظفرآباد(عابد شاہ/عباس گردیزی) آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کا دوسرا مرحلہ آج ہوگا، مظفرآبادڈویژن اور مہاجرین کی 12نشستوں پر پولنگ آج 2اگست 2026کو ہوگی، فوج کی نگرانی میں فول پروف سیکورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے،چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفی مغل نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کیلئے گھروں سے نکلیں ۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 2 اگست صبح 8سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے فوج کی نگرانی میں فول پروف سیکورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ جہاں مظفرآباد ڈویژن کے3،تین اضلاع،کے9انتخابی حلقوں میں دارالحکومت ضلع مظفرآباد،ضلع جہلم ویلی،اور ضلع نیلم ویلی سے تعلق رکھنے والے کل (8 لاکھ، 9 ہزار، 6سو 21)ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مظفرآباد ڈویژن میں عام انتخابات کی تیاریاں مکمل پولنگ میٹریل کی تقسیم کا عمل جاری، پریزائیڈنگ افسران سخت سیکیورٹی میں روانہ،مظفرآباد ڈویژن میں عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے سلسلے میں پولنگ میٹریل کی تقسیم اور ترسیل کا عمل ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کی نگرانی میں جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ضلع مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے تمام انتخابی حلقوں کے لیے پولنگ میٹریل متعلقہ پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کیا جا رہا ہے، جبکہ پریزائیڈنگ افسران کو سخت سیکیورٹی حصار میں اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔