• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

(غزلیں اور نظمیں)

شاعر: جبّار واصف

صفحات: 178، قیمت: 1000 روپے

ناشر: گردوپیش پبلی کیشنز، ملتان۔

فون نمبر: 6780423 - 0318

زیرِنظر کتاب جبّارواصف کی غزلوں اور نظموں پرمشتمل دوسرا مجموعہ ہے۔ جبّار واصف کا شمار پاکستان کے اُن قابلِ ذکر شعراء میں ہوتا ہے، جنہوں نے بہت محنت اور جدوجہد سے ادبی دنیامیں اپنی جگہ بنائی۔ پاکستان کےعلاوہ امریکا اوردیگر ممالک میں بھی اُن کے چاہنے والے موجود ہیں۔ جبّار واصف کا آبائی شہر، رحیم یارخان ہے، لیکن وہ کچھ عرصہ ملتان بھی رہے۔ زیرِنظر مجموعے میں37 غزلیں اور25 نظمیں شامل ہیں۔

اُنہوں نے پیش لفظ کی جگہ ’’پیش چہرہ‘‘ کے عنوان سے جو تحریر لکھی ہے، وہ افسانوی رنگ لیے ہوئے ہے۔ شعیب بن عزیز، ڈاکٹر عقیل عباس جعفری، سیّدعامر سہیل، باسط جلیلی، پروفیسر عارف ایّوب اور رضی الدّین رضی نے صاحبِ کتاب کی شاعری سے متعلق جو مضامین تحریر کیے ہیں، اُن کی اہمیت اپنی جگہ، لیکن جبّار واصف کی شاعری کو اب کسی سند کی ضرورت نہیں کہ اچھی شاعری، اپنا تعارف خُود ہوتی ہے۔

وہ بنیادی طور پر غزل کے شاعر ہیں، لیکن اُنہوں نے نظم کے ساتھ بھی انصاف کیا ہے۔ نیز، اپنی شاعری میں عہدِ حاضر کے مختلف النوع آشوب، نئے رموزوعلائم اورمعنی خیز تراکیب میں نہایت مؤثر انداز میں پیش کیے ہیں۔

یوں کہیے، تفکّروتاثر کا تناسب،الفاظ کی لطافت، نغمگی، فکری بلاغت، بندشوں کی چستی اور تجربے کی گہرائی، اُن کی مابہ الامتیازخصوصیات ہیں، جب کہ کلام میں بالغ نظری، تازہ کاری اور جدّت و ندرت کے لاجواب نمونے موجود ہیں۔