• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسری شادی میری زندگی کا انتہائی مشکل مرحلہ تھا: شاہنواز زیدی

---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

معروف پاکستانی شاعر، مصور، پروفیسر اور اداکار شاہنواز زیدی نے اپنی پہلی اہلیہ کے انتقال، 37 سالہ ازدواجی زندگی اور دوسری شادی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔

شاہنواز زیدی حال ہی میں مارننگ شو کے مہمان بنے، جہاں انہوں نے اپنی محبت کی شادی اور ذاتی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔

اپنی پہلی شادی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میری ازدواجی زندگی 37 سال تک قائم رہی، میرا خیال تھا کہ میں اپنی اہلیہ کے ساتھ شادی کی گولڈن جوبلی مناؤں گا، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔

اداکار نے بتایا کہ میں شاعرانہ مزاج رکھتا تھا اور اپنی اہلیہ سے پہلی نظر میں محبت ہو گئی تھی، اس لیے میں نے جلد شادی کر لی۔

شاہنواز زیدی کے مطابق شادی کے آغاز میں محبت اور کشش کا دور رہا، جس کے بعد زندگی کی حقیقتیں سامنے آئیں، دونوں کو مختلف خاندانی اور سماجی اختلافات کا بھی سامنا کرنا پڑا، جن میں شیعہ سنی، پنجابی اردو اور سید راجپوت اختلافات شامل تھے۔

انہوں نے بتایا کہ شادی کے وقت میری عمر 24 سال تھی اور اگرچہ میرا خاندان نسبتاً جدید خیالات رکھتا تھا، تاہم ابتداء میں میرے فیصلے پر کچھ تحفظات تھے، لیکن بالآخر اہلِخانہ نے میرا فیصلہ قبول کر لیا۔

اپنی اہلیہ کی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے شاہنواز زیدی نے بتایا کہ شادی سے قبل میری اہلیہ نے روتے ہوئے فون کیا اور کہا کہ مجھے ذیابیطس ہے، اس لیے شادی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں، میری ساس بھی ذیابیطس کی مریضہ تھیں۔

شاہنواز زیدی کے مطابق میرے 6 بچے ہیں، جبکہ ابتدائی 2 حمل ضائع ہو گئے تھے، بعد ازاں مجھے نیروبی میں ملازمت کی پیشکش ہوئی اور میں اپنی اہلیہ کے ساتھ وہاں منتقل ہو گیا، میں تقریباً 8 سال نیروبی میں رہا اور میرے تمام بچے وہیں پیدا ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ نیروبی میں موسم، طبی سہولت اور اہلیہ کو ملنے والی بہترین دیکھ بھال میرے لیے اللّٰہ کی نعمت ثابت ہوئی، کیونکہ حمل کے دوران اہلیہ کو زیادہ وقت اسپتال میں گزارنا پڑتا تھا۔

دوسری شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہنواز زیدی نے کہا کہ یہ میری زندگی کا انتہائی مشکل مرحلہ تھا اور میں نے کبھی دوسری شادی کا نہیں سوچا تھا۔

ان کے مطابق اہلیہ کے انتقال کے 4 سال بعد میں نے دوسری شادی کی، اس دوران میں زندگی سے لاتعلق اور ذہنی طور پر منتشر محسوس کرتا تھا، میں اپنا کام اور دیگر ذمے داریاں انجام دے رہا تھا، لیکن اندر سے بکھر رہا تھا اور ڈپریشن کا شکار تھا۔

شاہنواز زیدی نے بتایا کہ اسی دوران میرے ذہن میں دوسری شادی کا خیال آیا، تاہم اس وقت زندگی میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، بعد ازاں مجھے ایک خاتون ملیں جو مجھ سے کافی کم عمر اور ایرانی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابتداء میں مجھے یقین نہیں تھا کہ یہ رشتہ ممکن ہو گا، حتیٰ کہ جب شادی کا خیال آتا تو اسے نظر انداز کر دیتا تھا، لیکن بعد میں ہم دونوں میں محبت ہو گئی اور ہم نے شادی کر لی۔

شاہنواز زیدی کے مطابق میری دوسری شادی کو 10 سال ہو چکے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید