وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور نے ملاقات کی۔
اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق اعلیٰ سطح کا سعودی کاروباری وفد بھی چیئرمین سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے ہمراہ تھا، وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق شہزادہ منصور نے زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں اور ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق ریئل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں بھی اظہار دلچسپی کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جی ٹو جی اور بی ٹو بی مشترکہ تعاون کے لیے بہترین وقت ہے۔
اعلامیہ کے مطابق شہزادہ منصور نے پاکستان سے کاروباری روابط کے فروغ میں سعودی حکومت اور کاروباری برادری کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ سعودی وفد دورۂ پاکستان میں متعدد اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔