• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم سوادیس میں عامر خان کے انکار کے بعد شاہ رخ خان کو لیا گیا، امین حاجی

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

شاہ رخ خان کی 2004 میں ریلیز ہونیوالی فلم سوادیس کو اس کی حقیقت پسندانہ کہانی، سماجی مسائل، دیہی بھارت، ثقافت اور دیگر موضوعات کو اجاگر کرنے پر کافی پذیرائی ملی۔

لیکن یہ فلم ابتدا میں شاہ رخ خان کے لیے نہیں تھی؟ ہدایت کار اشوتوش گوواریکر کی کاسٹنگ کا سفر خاصا دلچسپ رہا، کیونکہ شاہ رخ خان کے موہن بھارگو کا کردار ادا کرنے سے پہلے کئی دوسرے اداکاروں کے نام زیر غور آئے تھے۔

اداکار اور مصنف امین حاجی جنہوں نے اس فلم کی مشترکہ تحریر میں بھی حصہ لیا، نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ ابتدا میں عامر خان کو مدنظر رکھا گیا تھا۔ اس وقت فلم کا نام دیش تھا۔ 

بعد ازاں ریتک روشن اور آر مادھون نے بھی آڈیشن دیا تھا۔ بالاخر یہ کردار شاہ رخ خان کو ملا۔

سدھارتھ کنن کے ساتھ گفتگو میں امین حاجی نے بتایا کہ سوادیس دراصل اشوتوش گوواریکر کی لگان کے بعد عامر خان کے ساتھ اگلی فلم کے طور پر منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ عامر نہ صرف فلم میں مرکزی کردار کے لیے منسلک تھے بلکہ عامر خان پروڈکشنز کے ذریعے بطور پروڈیوسر بھی اس منصوبے کا حصہ تھے۔

تاہم عامر خان چاہتے تھے کہ فلم کے اسکرین پلے پر مزید کام کیا جائے۔ دوسری جانب ان کی دیگر مصروفیات کی وجہ سے وہ اشوتوش گوواریکر کو مطلوبہ وقت نہیں دے پا رہے تھے۔ اس لیے عامر نے علیحدگی اختیار کرلی، اگرچہ ابتدا میں وہ فلم کو پروڈیوس کرنے کے لیے تیار تھے۔ 

اسی دوران شاہ رخ خان لگان دیکھنا چاہتے تھے۔ ان کے لیے فلم سٹی کے ایڈلیبس میں ایک خصوصی اسکریننگ کا انتظام کیا گیا، جہاں اتفاق سے امین حاجی شاہ رخ کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ امین کے مطابق فلم سے متاثر ہو کر شاہ رخ خان نے فیصلہ کیا کہ وہ اشوتوش گوواریکر کے اگلے پروجیکٹ کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

شاہ رخ کا کہنا تھا کہ میرے والد آزادی کی جدوجہد میں شامل تھے۔ مجھے دیش میں موہن بھارگو کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس کے بعد شاہ رخ خان نے اشوتوش گوواریکر سے رابطہ کیا اور یہ کردار انہیں مل گیا۔

امین نے شاہ رخ خان کی ایک دلچسپ بات بھی بتائی، ان کے مطابق شاہ رخ نے کہا جب بھی عامر خان کسی فلم سے منسلک ہوں اور بعد میں الگ ہوجائیں، تو وہ اس فلم کو بغیر اسکرپٹ پڑھے ہی قبول کرلیں گے، کیونکہ انہیں یقین ہوتا ہے کہ اگر عامر کسی پروجیکٹ کا حصہ بنے تھے تو اس کی کہانی یقیناً اچھی ہوگی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید