مصطفیٰ کمال نے پمز کارڈک سینٹر میں پرائیوٹ رومز کی حالتِ زار دیکھ کر اسٹاف پر برہمی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرِ صحت نے پمز کارڈیک سینٹر میں الیکٹرو فیزیالوجی کیتھ لیب کا دورہ کیا اور مریضوں کی مشکلات اور سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔
اپنے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سلمان صاحب آپ کو اسپتال سمجھنے میں 6 ماہ نہیں ملیں گے، آپ کو یہاں فوری کام کرنے ہوں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دیوار کی حالت خراب ہے اور اس کو آپ پینٹ کر رہے ہیں، کسی دن یہ دیوار گرے گی پھر ہم سب یہاں آئیں گے۔
وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ چاہے کوئی کسی کا بھی آدمی ہے وہ کام نہیں کر رہا تو اسے فارغ کر دیں، یہاں باہر سے آ کر کوئی کام نہیں کرے گا، انتظامیہ ایکشن لے میں فارغ کروں گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ میرے پاس ایک صفحہ نہیں آیا جس میں یہ بتایا ہو کہ کوئی شخص کام نہیں کر رہا، کوئی کام نہیں کر رہا تو روزانہ 10 لوگ نکال دیں۔
وفاقی وزیرِ صحت نے یہ بھی کہا ہے کہ یہاں پاور سینٹرلائزڈ ہے، انتظامی طاقت یہاں ایک شخص کے پاس ہے، آپ لکھ کر دیں طاقت بانٹ دیتے ہیں اور ایک صفحے پر یہ بھی لکھ کر دیں کہ کیا ماڈل ہونا چاہیے۔