ویکسینیشن کے بغیر عمرے پر جانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی، عمرہ زائرین اب 25 ستمبر تک بغیر ویکسینیشن کے سعودی عرب جا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج بارڈر ہیلتھ سروس کے اجلاس میں ویکسین کارڈ کے نفاذ کا وقت بڑھانے کا فیصلہ ہو گیا جس کی تاریخ میں توسیح کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ویکسینیشن کارڈ کا آج رات 12 بجے سے نفاذ ہونا تھا۔
پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی(PAA) کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نادرا انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ میں یکم اکتوبر تک توسیع کی سفارش کی گئی ہے۔
پی اے اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مناسب نوٹس کے بغیر نئی ہدایت پر عمل درآمد مشکل ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حکمتِ عملی تیار کی جا سکتی ہے اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کی شرط پر مرحلہ وار عمل کیا جائے۔
دوسری جانب ذرائع بارڈر ہیلتھ سروس (BHS) کا کہنا ہے کہ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی(PAA) نے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کے اقدامات نہیں کیے ہیں، اس سے قبل پاکستان ایئرپ ورٹ اتھارٹی سے کراچی کے جناح ٹرمینل پر ویکسینیشن کے لیے 3 کمرے دینے کو کا کہا گیا تھا۔
ذرائع بی ایچ ایس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے لیے نادرا ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر نادرا انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کا نفاذ صرف کراچی ایئر پورٹ پر کیا گیا ہے۔