• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام پریشان ہیں، پیٹرولیم لیوی کو ختم کیا جائے: شرجیل میمن

شرجیل میمن - فوٹو: فائل
شرجیل میمن - فوٹو: فائل

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پیٹرولیم لیوی سے متعلق پی ٹی آئی کی قرارداد کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں کی وجہ سے عوام پریشان ہیں، پیٹرولیم لیوی کو ختم کیا جائے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے سے متعلق صوبائی اسمبلی میں قرار داد پیش کی گئی، یہ قرار داد پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی محمد اویس نے پیش کی۔

سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے اس قرارداد کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں کی وجہ سے عوام پریشان ہیں، حکومت فی لیٹر پر 100 روپے سے زیادہ لیوی لیتی ہے۔ اس لیوی کو ختم کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اتحادی ہے۔ ایم کیو ایم وفاقی حکومت سے بات کرے۔ ایم کیو ایم 2008 میں پی پی حکومت کی اتحادی تھی، ایک روپے پیٹرول کی قیمت بڑھی تو حکومت چھوڑ دی تھی۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ جو وفاقی کابینہ میں بیٹھے ہیں بات کریں۔ ہم اس قراداد کی بھرپور تائید کرتے ہیں، وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لیوی ختم کرے۔

شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے۔ حکومت کی جانب سے عوامی مسئلے کی مخالفت کرنا بہت بڑی زیادتی ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات انتہائی سنگین ہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول پر 100 روپے سے زائد لیوی وصول کرنا ایک بڑا المیہ ہے۔ 

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت موجودہ حالات میں عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ نہ ڈالے، آج ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے۔ کسان کو ڈیزل مہنگا ملے گا تو اس کی لاگتِ پیداوار بڑھ جائے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ موجودہ حالات میں پیٹرولیم لیوی کو فی الحال ختم کیا جائے۔ 

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عوام پر روزانہ بڑھنے والا اضافی بوجھ فوری طور پر ختم کرے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں۔

قومی خبریں سے مزید