• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا یورپ سے ایک تہائی فوج واپس بلانے پر غور

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکا یورپ میں تعینات اپنی فوج میں بڑی کمی کرنے پر غور کر رہا ہے۔

عرب میڈیا نے امریکی ذرائع کے حوالے سے شائع کی گئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک تجویز میں یورپ سے تقریباً ایک تہائی یعنی 25,000 سے زائد فوجیوں کی واپسی شامل ہے جبکہ ایک زیادہ سخت منصوبے کے تحت 40,000 فوجیوں کے ساتھ طیارے، بحری جہاز اور اسلحہ بھی واپس بلایا جا سکتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایک امریکی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ جرمنی، اٹلی اور اسپین میں موجود امریکی فوجیوں پر لاگو ہو گا جبکہ کچھ فوجیوں کو روس کے قریب مشرقی یورپ منتقل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی محکمۂ دفاع نے اس تجویز پر جائزہ جون میں شروع کیا تھا جس کا حتمی فیصلہ نومبر میں متوقع ہے۔

امریکا کی جانب سے یہ اقدام یورپی ممالک کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے باعث سامنے آیا ہے، واشنگٹن یورپی اتحادیوں سے دفاعی اخراجات بڑھانے اور امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے اڈے فراہم کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔

یورپ سے بڑے پیمانے پر امریکی فوجی انخلاء سے براعظم میں امریکی جوہری اور روایتی دفاعی موجودگی متاثر ہو سکتی ہے جبکہ امریکا کی یورپ میں فوجی طاقت استعمال کرنے کی صلاحیت بھی کم ہو گی، تاہم اگر فوجیوں کو مغربی یورپ سے روس کے قریب مشرقی محاذ منتقل کیا گیا تو اس کے اثرات مختلف ہو سکتے ہیں۔

ادھر یورپی ممالک نے نیٹو کے تحت 2035ء تک دفاع پر مجموعی قومی پیداوار کا 5 فیصد خرچ کرنے کا عہد کر رکھا ہے جس میں کم از کم 3.5 فیصد براہِ راست دفاعی ضروریات کے لیے مختص ہو گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید