• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریٹائر کب ہوں گے؟ ویرات کوہلی نے خود بتا دیا

ویرات کوہلی—فائل فوٹو
ویرات کوہلی—فائل فوٹو 

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے اعلان کیا ہے کہ2027ء کا ورلڈ کپ میرے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہو گا اور میں اسے یادگار بنانا چاہتا ہوں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے آخری ورلڈ کپ میں بھارت کو عالمی چیمپئن بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کو تیار ہوں۔

انہوں کہا کہ 50 اوورز کا ورلڈ کپ جسمانی اور ذہنی طور پر کرکٹ کے مشکل ترین مقابلوں میں شامل ہے۔

بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ایک ہی دن میں طویل وقت تک ٹی 20 جیسی شدت برقرار رکھنا، خصوصاً غیر ملکی کنڈیشنز میں، کھلاڑیوں کے لیے بڑا چیلنج ہوتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ2027ء کا ورلڈ کپ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا جو کہ ویرات کوہلی کے کیریئر کا پانچواں ون ڈے ورلڈ کپ ہو گا۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی2011ء میں بھارت کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے لیکن 2023ء کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 37 سالہ بھارتی کرکٹر ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں اور اب صرف ون ڈے فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

ویرات کوہلی کے پاس 15 ہزار ون ڈے رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے اور تیز ترین بیٹر ہونے کا اعزاز بھی موجود ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید