• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی آبنائے کو بند کرنا، بین الاقوامی آبی گزرگاہ میں بارودی سرنگیں بچھانا ناقابلِ قبول ہے: قطر

قطری وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی— فائل فوٹو
قطری وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی— فائل فوٹو

قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا ہے کہ کسی آبنائے کو بند کرنا اور بین الاقوامی آبی گزرگاہ میں بارودی سرنگیں بچھانا ناقابلِ قبول ہے، آبنائے ہرمز خطے کے لیے لائف لائن ہے۔

برطانوی براڈکاسٹر کو انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ اس معاملے کے حل کے لیے سفارتکاری کو ہی ترجیح دیں گے جس کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

قطری وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ایسے قانونی راستے ہونے چاہئیں جو ایک ساحلی ریاست کے طور پر ہماری  آبنائے ہرمز سے آزادانہ گزرنے کے قانونی حقوق کا تحفظ کریں۔

شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے کہ ہم ان پیچیدگیوں کے سائے میں رہ رہے ہیں، اگر یہ خطہ متحد ہو جائے تو یہ دنیا کے کسی بھی دوسرے حصے سے کہیں زیادہ طاقت ور بن جائے گا اور یہ ایک ایسی چیز ہے جس کی ہم سب کو خواہش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے خطے اور اپنے ملک کے لیے بہترین نتائج حاصل کرنے کی اپنی پوری کوشش کیے بغیر محض خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔

قطری وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ قطر ثالثی میں بنیادی کردار ادا کرتا رہا ہے، یہ قطر کی خارجہ پالیسی کے اہم ستونوں میں سے ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید