• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنقید کرنے والوں کے لیے بھی میرے دل میں برے جذبات نہیں: دلجیت دوسانجھ

دلجیت دوسانجھ---فائل فوٹو
دلجیت دوسانجھ---فائل فوٹو

بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے لاہور سے تعلق رکھنے والے مداح کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری جانب سے سب کے لیے یکساں محبت ہے، حتیٰ کہ تنقید کرنے والوں کے لیے بھی میرے دل میں برے جذبات نہیں۔

حالیہ انسٹاگرام لائیو سیشن کے دوران ایک پاکستانی صارف نے کمنٹ کیا کہ ’لاہور سے محبت‘، جس پر دلجیت دوسانجھ نے جواب دیا کہ میری طرف سے بھی سب کے لیے محبت ہے، چاہے لوگ برا بھلا ہی کیوں نہ کہیں۔

گلوکار نے کہا ہے کہ میں تمام لوگوں کو ایک ہی نظر سے دیکھتا ہوں، اگرچہ کچھ لوگ میرے اس نظریے سے اتفاق نہیں کرتے۔

دلجیت دوسانجھ نے کہا ہے کہ مجھے اس بات کی فکر نہیں کہ لوگ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں، اگر کوئی مجھے پسند کرتا ہے تو یہ بھی ٹھیک ہے اور اگر پسند نہیں کرتا تو یہ بھی ٹھیک ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مجھے خود کو کسی کے سامنے ثابت کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔

لاہوری مداح کو مخاطب کرتے ہوئے دلجیت نے کہا ہے کہ اگر بات محبت کی ہو تو میری طرف سے بہت ساری محبت ہے۔

لاہور کا ذکر دلجیت دوسانجھ کی انسٹاگرام لائیو گفتگو میں اس سے قبل بھی ہو چکا ہے۔ 

جولائی میں ایک مداح نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی تھی، جس پر گلوکار نے کہا تھا کہ اگر میں لاہور آیا تو مجھے کہیں جانے نہیں دیا جائے گا۔

دلجیت دوسانجھ کا انسٹاگرام لائیو ایسے وقت میں ہوا ہے جب وہ اپنے عالمی دورے کے باعث مصروف ہیں۔ ان کا ’اورا ورلڈ ٹور‘ نومبر 2025ء میں سڈنی اور میلبورن میں کنسرٹس سے شروع ہوا، جبکہ 2026ء میں شمالی امریکا میں بھی دورہ کیا گیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید