وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے گورنر راج کے سوال کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھری ایم پی او کے تحت نظربندی قانون کے مطابق ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت گورننس بہتر کرنے اور دہشت گردی روکنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات ہوئے، این ایف سی میں ہر سال دہشت گردی کی تدارک کےلیے اضافی فنڈز دیے جاتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گورنر راج کا سوال قبل از وقت ہے، خیبر پختونخوا میں صحت، تعلیم سمیت ہر شعبہ تباہ ہوچکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی طور پر بہت کمزور ہوچکی ہے، مجھے نہیں لگتا سہیل آفریدی سیاسی طور پر اتنے طاقتور ہیں کہ لانگ مارچ کرسکیں گے۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ کوہاٹ، چارسدہ، پشاور ہر جگہ گیا، گورننس کی ناکامی واضح ہے۔ سیاست ہوتی رہے گی لوگوں کو دہشت گردی سے چھٹکارا دلائیں۔
انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل فہیم اللّٰہ کے گھر گیا، سیاست اتنی اہم نہیں کہ لوگوں کی زندگیوں پر ترجیح دی جائے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ افغان حکومت دہشت گردی کو سپورٹ کر رہی ہے، دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا، آئندہ بھی دیں گے۔