وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ملک بھر کے عوام نے مولانا فضل الرحمان کو مسترد کردیا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے جے یو آئی سربراہ پر تنقید کے وار کیے اور استفسار کیا کہ جمعے کو ملک کی موٹر ویز بند کرنے والے کہاں گئے؟
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے عوام نے مولانا فضل الرحمان کو مسترد کردیا ہے ، عوام کو مولانا کی جماعت کی پالیسیوں کا پتا چل چکا ہے۔
صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ نوجوان پوچھ رہے ہیں کہ آپ نے ان کے حقوق کے لیے کون سی جنگ لڑی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر آپ نے طلبہ کو استعمال کرنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کی تو جان لیں ریاست سے بڑا کوئی نہیں ہوتا۔
وزیر تعلیم پنجاب نے یہ بھی کہا کہ آپ اسلام آباد میں افغان شخص کے گھر کو اپنا گھر کہہ رہے ہیں ، کوئی ذریعہ معاش یا منی ٹریل ہے تو بتائیں کہ آپ نے گھر کیسے خریدا؟
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور افغانیوں کے گھر کیسے لیے گئے ، عدالت سے درخواست ہے مولانا فضل الرحمان سے بھی منی ٹریل لی جائے۔