وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے جو بات کی تھی اس کا جواب دے دیا، بات ختم۔ نئے صوبوں سے متعلق بات چیت کا مناسب فورم پارلیمنٹ ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہیے، ماضی میں اتفاق رائے کے مثبت نتائج ملے، اسی راستے پر چلنا ہوگا، تمام سیاسی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو جنوبی پنجاب صوبہ بننے کے حق اور سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں، پارلیمنٹ میں صوبوں کے معاملے پر غور و فکر ہونی چاہیے، جو چیز اتفاق رائے سے ہو وہ دیرپا ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم عوام سے رہنمائی کا ایک ذریعہ ہے، ریفرنڈم کا فیصلہ بھی اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی کوشش ہے تمام فیصلوں پر اتفاق رائے ہو۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی سزا پانے والے شخص کو سیاسی قیدی نہیں کہا جا سکتا، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کامیابی ملک کے لیے ناگزیر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
کوہلو میں پیش آئے وقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شہداء سے متعلق بیان مناسب نہیں تھا، شہداء قوم کے محسن ہیں، اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، دہشت گردی میں جان قربان کرنے والے پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اختلافِ رائے ہر فرد کا حق ہے، خواجہ سعد رفیق کوئی الگ سیاسی دھڑا نہیں بنا رہے۔