وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے تحریک انصاف کے ساتھ آف دی ریکارڈ مذاکرات کی تصدیق کردی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ تحریک انصاف بانی کی صحت کے حوالے سے جو مطالبات کر رہی ہے وہ آف دی ریکارڈ مذاکرات میں نہیں کرتی۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے آف دی ریکارڈ مطالبات نا مناسب اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہیں، لانگ مارچ والا رویہ کسی حکومت کو زیب نہیں دیتا۔
پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ایسا اقدام کریں جس سے ہماری صوبائی حکومت ختم ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ اگر ہم نے کچھ کیا تو یہ ہمارے لیے ڈیتھ ٹریپ ثابت ہوگا، مگر ہم کیا کریں ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں۔
ملک عامر ڈوگر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے پُرامن احتجاج کی کال دی ہے وہ ہم کریں گے۔ حکومت بڑے پن کا مظاہرہ کرے اور حالات کو اس نہج تک نہ جانے دے، حکومت ہمارے مطالبات مان لے۔