لاہور ہائی کورٹ نے 2 کم عمر لڑکیوں کو دارالامان میں رکھنے کے مجسٹریٹ کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔
ملتان بینچ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا، درخواستوں میں کم عمر لڑکیوں کو دارالامان میں رکھنے کے مجسٹریٹ کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرنے والا مجسٹریٹ لڑکیوں کی تحویل کا فیصلہ نہیں کر سکتا، مجسٹریٹ کو لڑکیوں کو دارالامان میں رکھنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں تھا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ کم عمر لڑکیوں کو غیر معینہ مدت تک دارالامان میں رکھنا ان کی آزادی محدود کرنے کے مترادف ہے، مجسٹریٹ نے بچیوں کے والدین کی جانب سے ب فارم پیش کرنے پر لڑکیوں کو نابالغ قرار دیا۔
عدالت نے کہا کہ لڑکیوں کو مزید عدالتی احکامات یا قانونی عمر کو پہنچنے تک دارالامان میں رکھا جائے اور دونوں لڑکیوں کو 2 روز میں سیشن جج ملتان کے روبرو پیش کیا جائے۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ دونوں لڑکیوں کو آئندہ سماعت تک عارضی طور پر دارالامان میں رکھا جائے۔