آسٹریلوی حکام فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے معاون پائلٹ کے آسٹریلیا سے روابط کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی وفاقی پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس تحقیقات میں وکٹوریہ جوائنٹ کاؤنٹر ٹیررازم ٹیم، جس میں وفاقی پولیس، ریاستِ وکٹوریہ کی پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسی اے ایس آئی او شامل ہیں۔
تحقیقات سے باخبر دو ذرائع نے بتایا ہے کہ معاون پائلٹ نے آسٹریلیا کے شہر میلبورن کی ایک یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی تھی، تاہم انہوں نے یونیورسٹی کا نام نہیں بتایا۔
ایک تیسرے ذرائع نے کہا ہے کہ پائلٹ نے تقریباً 10 برس قبل میلبورن کی آر ایم آئی ٹی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی تھی۔
آر ایم آئی ٹی نے پیر کو ایک مختصر بیان میں تصدیق کی کہ معاون پائلٹ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھا، تاہم وہ انجینئرنگ کی ڈگری مکمل نہیں کر سکا۔
یونیورسٹی نے معاون پائلٹ کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا ہے کہ اس نے وہاں کب تعلیم حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو دبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے معاون پائلٹ نے ہنگامی صورتِ حال میں استعمال ہونے والی کلہاڑی سے پائلٹ پر حملہ کیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کے پراسیکیوٹر جنرل نے ہفتے کے روز اس واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار دیا تھا۔
ایوی ایشن انسٹرکٹر کے مطابق تقریباً 30 سیکنڈ میں 16 ہزار فٹ نیچے آنے کے بعد طیارے کو دوبارہ قابو میں لا کر باحفاظت تبوک ایئر پورٹ پر اتارا گیا تھا۔