• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم پرندہ میں نانا پاٹیکر نے آگ کا سین فلماتے ہوئے حفاظتی سوٹ پہننے سے انکار کردیا تھا


فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

ہدایت کار  ودو ونود چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم پرندہ میں  اداکار نانا پاٹیکر نے ’آگ‘ کا سین فلماتے ہوئے حفاظتی سوٹ پہننے سے انکار کردیا تھا۔

 بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر گوا میں اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے کے بعد چل بسے۔ اپنے طویل فلمی کیریئر میں انہوں نے کئی یادگار کردار ادا کیے، تاہم فلم ’پرندہ‘ میں ’انّا‘ کا کردار ان کی نمایاں پرفارمنس میں شمار ہوتا ہے، جس پر انہیں بہترین معاون اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا تھا۔

1989 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پرندہ‘ کے 30 سال مکمل ہونے پر 2019 میں ہدایت کار  ودو ونود چوپڑا کے پروڈکشن ہاؤس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے فلم کے مشہور کلائمکس کی عکس بندی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے تھے۔

فلم کے کلائمکس میں نانا پاٹیکر کو آگ کے شعلوں میں گھرا دکھایا گیا تھا۔ ودو ونود چوپڑا کے مطابق اس منظر میں استعمال ہونے والی آگ حقیقی تھی، کیونکہ اس وقت ڈیجیٹل فائر کا تصور عام نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ نانا پاٹیکر نے اس وقت دستیاب حفاظتی فائر سوٹ پہننے سے انکار کردیا تھا۔ اداکار کا مؤقف تھا کہ حفاظتی لباس پہننے سے ان کی اداکاری متاثر ہوگی۔

ہدایت کار کے مطابق انہوں نے نانا سے کہا کہ اگر وہ حفاظتی سوٹ نہیں پہنیں گے تو وہ منظر فلمبند نہیں کریں گے، جس کے بعد نانا نے سوٹ کا اوپری حصہ پہن لیا، تاہم انہوں نے حفاظتی پاجامہ پہننے سے بھی انکار کردیا۔

ودو ونود چوپڑا نے بتایا کہ منظر میں نانا پاٹیکر کے جسم پر ربڑ کے محلول کی مدد سے حقیقی آگ لگائی گئی تھی۔ عکس بندی کے دوران ان کے ہاتھ پر آگ لگ گئی، جس کے بعد انہوں نے محفوظ مقام کی طرف چھلانگ لگائی۔

ہدایت کار نے نانا پاٹیکر کی اداکاری کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس طرح کا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا اور نانا نے جو کچھ کیا وہ ان کے لیے ناقابل یقین تھا۔

فلم ’پرندہ‘ میں نانا پاٹیکر کے علاوہ انیل کپور اور جیکی شروف نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید