پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ثقافتی تبادلوں اور مشترکہ فلم سازی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ دونوں اسلامی ممالک کے عوامی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار ملائیشیا کے قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے مقامی ہوٹل میں پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دونوں ممالک مشترکہ طور پر ایسی فلمیں اور ڈرامے بنانے کے امکانات پر کام کر رہے ہیں، جو دونوں خطوں کی مشترکہ اقدار، تاریخ اور ثقافت کی عکاسی کریں۔
اس سلسلے میں پاکستان اور ملائیشیا کے فنکاروں، فلم سازوں اور مصنفین کو ایک دوسرے کے ممالک کے دورے کرنے اور اپنے تجربات کا تبادلہ کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے بتایا کہ رواں برس دسمبر سے ملائیشین ایئر لائنز کراچی کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سرگرمیوں، عوامی روابط اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات انتہائی دوستانہ، برادرانہ اور اسٹریٹیجک شراکت داری پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان معیشت، تجارت، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون روز بروز مضبوط ہو رہا ہے۔
محمد یونس ابراہیم نے مزید کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات کی عکاسی کرتے ہیں۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انھوں نے کہا ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔
تقریب میں سری لنکا، روس، ایران اور عمان کے قونصل جنرلز، سفارتی حکام، افسران اور کاروباری برادری کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر معروف سماجی شخصیت افضال آڈیہ کی جانب سے مہمانوں کو شیلڈز اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور ملائیشیا کے قومی ترانوں سے ہوا۔