لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہےکہ ملک میں بجلی لانے کے نام پر مال بنایا جارہاہے، قائد اعظم سولر پاور اورنندی پورپروجیکٹ سے ڈالر بنائے گئے، ہمارے منصوبے میں کمائی نہیں تھی اس لئے حکمرانوں نے تبدیل کردیا۔ انصاف ہوا توپنجاب کے حکمران بے نقاب ہوں گے ۔ اورنج لائن پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمارے مؤقف کی سچائی ثابت ہو گئی ہے، غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں اس لیے صوبائی سرمایہ کا اتنا بڑا قومی نقصان ان کی املاک بیچ کر پورا کیا جائے اور کمیشن بھی واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں 14لاشیں گرانے والوں کو بچوں کے اغوا کی کیا پروا ہے یہ تو معاملہ دبانے کیلئے اغوا ہونے اور گھر سے بھاگنے والے بچوں کے اعداد و شمار میں ہیرا پھیری اور انہیں گڈمڈ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں اپنی رہائش گاہ پر سینئر مسلم لیگی رہنمائوں چودھری ظہیرالدین اور میاں منیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے اورنج لائن کی تعمیر کا ٹھیکہ اسلحہ ساز کمپنی کو دیا جبکہ ہم نے دنیا میں بڑے ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کرنے والی کمپنی Systra کو کنٹریکٹ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دلی کے ماس ٹرانزٹ منصوبہ میں بھی مسلمانوں کی تاریخی عمارات سے وہ سلوک نہیں ہوا جو سلوک ن لیگ لاہور میں اپنے تاریخی ورثہ سے کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف دھرنے میں پیش رفت ہو رہی ہے ، اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا تب ہی حکومت پر دباؤ بڑھے گا۔