• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جینا اورٹیگا نے اپنی فلمیں نہ دیکھنے کی وجہ بتا دی

جینا اورٹیگا---فائل فوٹو
جینا اورٹیگا---فائل فوٹو

ہالی ووڈ اداکارہ جینا اورٹیگا نے انکشاف کیا ہے کہ میں اپنی فلمیں دیکھنے اور ان پر ہونے والے تبصرے پڑھنے سے گریز کرتی ہوں، کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ دوسروں کی رائے میرے خود کو دیکھنے کے انداز پر اثر انداز ہو۔

غیر ملکی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا ہے کہ اپنی فلمیں دیکھنا یا ان پر ہونے والے تبصرے پڑھنا مجھے کسی نہ کسی قسم کی ذہنی الجھن میں مبتلا کر سکتا ہے۔

جینا اورٹیگا نے بتایا ہے کہ اپنی ٹیم کی جانب سے بھیجے جانے والے باکس آفس کے اعداد و شمار دیکھنے سے بھی گریز کرتی ہوں۔

 ان کا کہنا ہے کہ میں اپنے کام کو اس بنیاد پر نہیں جانچنا چاہتی کہ اس سے کتنی آمدنی ہوئی، تاہم میں کبھی کبھار دوستوں یا انسٹاگرام کے ذریعے لوگوں کی رائے سے آگاہ ہو جاتی ہوں، لیکن اب سوشل میڈیا پر پہلے کے مقابلے میں کم وقت گزار رہی ہوں۔

اداکارہ کا خیال ہے کہ لوگ پہلے ہی انٹرنیٹ پر خود کو دیکھنے اور اپنی ذات کے بارے میں سوچنے میں بہت زیادہ وقت صرف کرتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب مصنوعی ذہانت کے ذریعے بڑی تعداد میں جعلی مواد تخلیق کیا جا رہا ہے۔

جینا اورٹیگا ان دنوں ایمی ایڈمز کے ساتھ اپنی نئی فلم ’کلارا اینڈ دی سن‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، فلم میں وہ کلارا نامی ایک روبوٹ لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں، جسے ایک خاندان اپنی بیٹی کا ساتھ دینے کے لیے خریدتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید