تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دماغ میں شعوری اور لاشعوری طور پر محسوس کی جانے والی بصری معلومات کی نمائندگی کے درمیان انتہائی تیزی سے تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق دماغ کی بعض سرگرمیاں 1 سیکنڈ میں تقریباً 15 بار شعوری اور لاشعوری طور پر محسوس کی جانے والی بصری معلومات کے درمیان منتقل ہو سکتی ہیں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ انسان ہر سیکنڈ میں 15 مرتبہ اپنی محسوس کی جانے والی حقیقت بدلتا ہے بلکہ یہ تبدیلی دماغی سرگرمی میں دیکھی گئی ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے کی نیورو سائنس دان جینس ہیسے اور ڈورس تساؤ کی سربراہی میں محققین نے اس عمل کا جائزہ لینے کے لیے بندروں کے دماغ میں موجود اعصابی خلیات کی سرگرمی ریکارڈ کی۔
تحقیق میں انسانوں کو بھی شامل کیا گیا تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ تجربے کے دوران کون سی تصویر شعوری طور پر نظر آتی ہے۔
محققین نے اس تحقیق کے لیے ’بائنوکیولر فلیش سپریشن‘ نامی طریقہ استعمال کیا، جس میں ایک آنکھ کو ایک چہرہ دکھایا جاتا ہے اور پھر دوسری آنکھ کے سامنے اچانک دوسرا چہرہ پیش کیا جاتا ہے، عموماً نیا دکھایا گیا چہرہ شعوری ادراک پر غالب آ جاتا ہے جبکہ پہلی تصویر آنکھ کے سامنے موجود رہنے کے باوجود بھی شعور سے اوجھل ہو جاتی ہے۔
محققین نے بندروں کے بصری نظام، خصوصاً چہروں کو پہچاننے سے متعلق دماغی حصوں میں سینکڑوں اعصابی خلیات کی سرگرمی بیک وقت ریکارڈ کی۔
تحقیق کے نتائج میں دماغی سرگرمی کے 2 مختلف نمونے سامنے آئے، پہلا شعوری طور پر نظر آنے والے چہرے سے متعلق تھا، جبکہ دوسرا اس چہرے سے متعلق تھا جسے دماغ شعوری طور پر محسوس نہیں کر رہا تھا۔
حیران کن طور پر اعصابی سرگرمی تقریباً ہر 60 سے 70 ملی سیکنڈ میں ان دونوں نمونوں کے درمیان بدلتی رہی، اس طرح دماغ میں نظر آنے والی اور شعور سے اوجھل تصویر کی نمائندگی باری باری سامنے آتی رہی، اگرچہ شعوری طور پر محسوس ہونے والی تصویر کی نمائندگی نسبتاً زیادہ مضبوط تھی۔
محققین کے مطابق یہ نتائج اس دیرینہ سوال کو سمجھنے میں مدد دے سکتے ہیں کہ دماغ میں موجود بے شمار معلومات میں سے کچھ شعور تک کیوں پہنچتی ہیں جبکہ باقی معلومات لاشعوری سطح پر ہی پراسیس ہوتی رہتی ہیں، یہ بھی ممکن ہے کہ دماغ اس طریقے سے متبادل بصری معلومات کا جائزہ لیتا رہے، جبکہ انسان کا معمول کا رویہ متاثر نہ ہو۔
محققین کا کہنا ہے کہ تحقیق کی چند اہم حدود ہیں، تجربات صرف 2 بندروں پر کیے گئے، جبکہ بندر خود یہ نہیں بتا سکتے تھے کہ وہ شعوری طور پر کیا دیکھ رہے ہیں۔
اس کے علاوہ تحقیق ابھی پیئر ریویو کے مرحلے سے نہیں گزری، اس لیے نتائج کو حتمی ثبوت کے بجائے ابتدائی سائنسی شواہد سمجھنا چاہیے۔
