• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ ہفتے یورپ کی ایک ممتاز یونیورسٹی کا وفد ہائر ایجوکیشن کمیشن میں مجھ سے ملاقات کیلئےآیا۔ یہ وفد کراچی اور لاہور کی جامعات سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچا تھا۔ میری جانب سے اس دلچسپی کا سبب پوچھنے پر بتایا گیا کہ وہاں 120پاکستانی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ اس ادارے میں 90فیصد طلبہ بین الاقوامی اور 10فیصد مقامی ہیں، جبکہ وفد کے مطابق شرحِ داخلہ صرف چھ فیصد ہے۔ اس مسابقتی ماحول میں پاکستانی طلبہ کی شاندار کارکردگی وفد کو مزید باصلاحیت نوجوانوں کی تلاش میں پاکستان لے آئی۔دو ہفتے قبل چین کے دورے میں بھی چینی جامعات کے نمائندوں نے مجھ سے پاکستانی طلبہ کی سفارش کرنے کی خواہش ظاہر کی، کیونکہ وہ ان کی قابلیت کی قدر کرتے ہیں۔ سفارتکاروں اور عالمی تعلیمی نمائندوں سے بھی ایسے تاثرات ملتے ہیں۔ بطور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن میرا اعتماد ایک بات ہے، مگر عالمی اداروں کا ان کی قابلیت تسلیم کرنا حقیقی بین الاقوامی توثیق ہے۔ یورپی یونین کے اراسمس منڈس وظائف میں پاکستانی طلبہ کی مسلسل پانچ برس کی نمایاں کامیابی بھی اسی صلاحیت کی مثال ہے۔

گزشتہ برس عالمی سائنسی مقابلوں اور وظائف میں پاکستانی نوجوانوں کی کامیابیاں، مئی 2025کی سرحدی کشیدگی میں ہمارے فوجی جوانوں، سائنس دانوں، انجینئروں اور ٹیکنالوجی ماہرین کی پیشہ ورانہ کارکردگی، اور عالمی اداروں میں پاکستانیوں کی پذیرائی میرے اس یقین کو تقویت دیتی ہے کہ ہم صلاحیت اور محنت میں دنیا کی کسی قوم سے کم نہیں۔میرے اندازے کے مطابق تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی طلبہ بیرونِ ملک تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان میں ایچ ای سی کے مالی تعاون سے جانے والے نسبتاً کم ہیں؛ بیشتر والدین کے وسائل، اپنے خرچ یا دیگر وظائف پر پڑھتے ہیں۔ والدین سے گزارش ہے کہ اگر وسائل اجازت دیں تو محض غیر ملکی ڈگری نہیں، ادارے کے معیار، ساکھ اور متعلقہ شعبے کو ترجیح دیں۔ یہ پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ میں اپنے نوجوانوں کو پاکستان کا قیمتی اور معیاری انسانی سرمایہ سمجھتا ہوں۔اسی پس منظر میں جامعات میں داخلہ لینے والے نوجوانوں سے چند باتیں کرنا چاہتا ہوں۔ پہلی یہ کہ اپنے تعلیمی پروگرام کا مقصد سمجھیں۔ بعض طلبہ میرٹ یا محدود نشستوں کی وجہ سے پسندیدہ شعبے میں داخلہ نہیں لے پاتے۔ جس پروگرام میں بھی داخلہ ملے، جانیں کہ وہ آپ کو کس پیشے کے لیے تیار کرے گا، آپ کیا سیکھیں گے اور کہاں خدمات دے سکیں گے۔دوسری بات، ہر مضمون کا تعلق اپنے پروگرام کے مقاصد اور مطلوبہ مہارتوں سے جوڑیں۔ پوچھیں: یہ مضمون کیوں پڑھ رہا ہوں، اس سے کیا صلاحیت حاصل ہوگی اور اسے کہاں استعمال کروں گا؟ علم کی گہرائی اور عملی قابلیت آپ کو ممتاز بناتی ہیں۔تیسری بات، سیکھنے کو کلاس روم تک محدود نہ رکھیں۔ اساتذہ، ہم جماعتوں، لائبریری، لیبارٹری، ہاسٹل، یونیورسٹی اور شہر کے ماحول سے بھی سیکھیں۔ انہی تجربات سے گفتگو، اعتماد، برداشت، ٹیم ورک اور شخصیت میں نکھار آتا ہے۔ یونیورسٹی کے چار سال خود کو سنوارنے کا موقع ہیں۔چوتھی بات، جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنی تعلیم کا حصہ بنائیں۔ اپنے شعبے کے سافٹ ویئر، ڈیجیٹل وسائل اور مصنوعی ذہانت کا استعمال سمجھیں۔ ان کا ذمہ دارانہ استعمال آپ کی علمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔ مضبوط تعلیمی بنیاد کے ساتھ جدید مہارتیں بھی ضروری ہیں۔پانچویں بات، گریجویشن سے پہلے مستقبل کا راستہ طے کریں۔ آپ ملازمت کرنا چاہتے ہیں، اعلیٰ تعلیم یا تحقیق اختیار کرنا چاہتے ہیں، مسابقتی امتحانات دینا چاہتے ہیں یا کاروبار شروع کرکے دوسروں کو روزگار دینا چاہتے ہیں؟ ہر راستے کیلئے دورانِ تعلیم تیاری کریں۔ دنیا ایک عالمی گاؤں ہے۔ پاکستانی نوجوان ملک میں رہ کر بھی عالمی اداروں کیلئے کام اور ڈیجیٹل معیشت میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ اہم سوال یہ نہیں کہ مواقع کہاں ہیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ ہم ان کیلئے کتنے تیار ہیں۔اپنے تدریسی تجربے کے دو واقعات بیان کروں گا۔ میں نے ٹوٹل کوالٹی مینجمنٹ کے اپنے طلبہ کو لاہور کے ایک معروف ہسپتال میں ملازمت کے لیے تجویز کیا۔ انتظامیہ ابتدا میں صرف ایم بی اے گریجویٹس چاہتی تھی۔ میرے اصرار پر ان طلبہ کو مقابلے کا موقع ملا۔ ایک تحریری ٹیسٹ اور دو انٹرویوز کے بعد انتخاب انہی طلبہ کا ہوا۔ یہاں ڈگری کے عنوان سے زیادہ اہمیت قابلیت کی ثابت ہوئی۔اسی طرح ایک فرٹیلائزر کمپنی میں کیمیکل انجینئرنگ کے امیدواروں کیلئے منعقدہ عمومی ٹیسٹ میں میرے صنعتی انجینئرنگ کے گریجویٹس نے بھی کامیابی حاصل کی۔ اگرچہ کیمیکل پلانٹ کی ملازمت کیلئے مخصوص شعبہ جاتی اہلیت ضروری تھی، تاہم انہوں نے دوسرے انجینئرنگ امیدواروں سے مسابقت کی، اپنی صلاحیت ثابت کی۔ یہ مثالیں بتاتی ہیں کہ قابلیت کا اصل ثبوت عملی کارکردگی ہے۔تاہم صلاحیت کے ساتھ بھرپور تیاری بھی ناگزیر ہے۔ اچھے گریڈز اور معروف جامعہ کی ڈگری کو کامیابی کی ضمانت نہ سمجھیں۔ بیرونِ ملک داخلے کی درخواست، دستاویزات اور بیانِ مقصد (Statement of Purpose) احتیاط سے تیار کریں۔ ملازمت کے انٹرویو کی بھی تیاری کریں۔ خصوصاً اس سوال کا جواب دیں کہ ادارہ آپ ہی کو کیوں منتخب کرے؟ واضح کریں کہ آپ اس کیلئے کس طرح قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔ اعتماد ضروری ہے، مگر تیاری کا متبادل نہیں۔آخر میں، جس شعبے میں بھی جائیں اپنی منفرد شناخت قائم کریں۔ ملازمت میں ادارے کی کارکردگی، معیار اور ترقی میں حصہ ڈالیں۔ تحقیق میں اپنے شعبے کے علم میں اضافہ کریں۔کاروبار میں دیانت داری، معیاری خدمات اور صارفین کے اعتماد کو اپنی پہچان بنائیں۔ آپ کی موجودگی سے مثبت فرق نظر آنا چاہیے۔میرے عزیز نوجوانو! ذہانت ایک نعمت ہے، مگر محنت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ مستقل مزاجی، دیانت داری، نظم و ضبط اور اچھے کردار سے اپنی صلاحیتوں کو کامیابی میں بدلیں۔ آپ سے پہلے پاکستانی نوجوانوں نے دنیا میں اعتماد کی جو بنیاد رکھی ہے، اسے مزید مضبوط کریں۔ اپنے خاندان، ادارے اور پاکستان کا نام روشن کریں۔ آپ ہی ہمارے ملک کا سب سے قیمتی قومی سرمایہ ہیں۔

تازہ ترین