ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عوام کو ایندھن اور توانائی کی بچت کا پیغام دیتے ہوئے سادگی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ وہ صدرِ مملکت ہونے کے باوجود اپنے گھر میں ہیٹر یا بجلی استعمال نہیں کرتے۔ وہ اپنے گھر میں سرد موسم سے بچنے کے لیے کوٹ اور گرم کپڑے پہن کر سوتے ہیں۔
سرمایہ کاروں اور پیداواری شعبے سے وابستہ افراد کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کو اب جس ’’خاموش معاشی جنگ‘‘ کا سامنا ہے وہ ’’میزائلوں والی جنگ‘‘ سے زیادہ سخت ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ظالموں کے گروہ نے ایران کو تباہ کرنے کی کوشش کی، لیکن ملکی کاروباری اداروں نے مارکیٹ کے حالات کو بخوبی سنبھال لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے کہ موسم سرما میں ایرانی عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔